پانی کی کمی ، جدید زرعی طریقوں کا فروغ ناگزیر:ڈاکٹر ذوالفقار
زرعی یونیورسٹی جدید زراعت کے فروغ کے لیے کوشاں :وائس چانسلرکی بریفنگ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش زرعی چیلنجز، خصوصاً پانی کی کمی کے تناظر میں جدید زرعی طریقوں، پانی کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دے کر غذائی استحکام کا حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 27 رکنی افسران کے وفد کو یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت نیپا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید علی رضا شاہ کر رہے تھے ۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پریسیژن فارمنگ، تحقیق پر مبنی فصلوں میں تنوع اور آبپاشی کی مؤثر ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبے میں تبدیلی ناگزیر ہے تاکہ مٹی کی زرخیزی میں کمی، بدلتے موسمی حالات اور پانی کے کم ہوتے ذخائر جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔ زرعی یونیورسٹی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جدید زراعت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج کی فراہمی اور کاشتکاروں تک بروقت معلومات پہنچا کر غذائی استحکام کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، رجسٹرار، خزانچی اور دیگر اہم انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔ وفد نے مختلف لیبارٹریوں کا معائنہ بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments