3 بہنوں پر تشدد،54 سے زائد نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ
14 کنال سے زائد اراضی پر قبضے کی مبینہ کوشش ، مزاحمت پر تشدد کیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) 14 کنال سے زائد اراضی پر قبضے کی مبینہ کوشش، تین معمر سگی بہنوں پر مبینہ تشدد، نجی گروپ کے چیئر مین سمیت 4 نامزد اور 50 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ کر لیا گیا،تھانہ بھاگٹانوالہ پولیس نے نجی گروپ آف کمپنی کے چیٔرمین ملک خضر حیات، ملک اعجاز، ملک فاروق اور محسن سمیت 50 سے 55 نامعلوم مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان ٹریکٹر ٹرالیوں اور دو کرینوں کے ہمراہ اراضی پر پہنچے اور مبینہ طور پر قبضے کی کوشش کرتے ہوئے وہاں موجود کمرہ گرانے کی کوشش کی، مزاحمت پر شمیم بی بی، شہناز بی بی اور عائشہ بی بی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ رائفل اور پسٹل کے بٹ مارنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے ، ایف آئی آر میں ملک خضر حیات پر شہناز بی بی کو رائفل کے بٹ سے زخمی کرنے اور عائشہ بی بی پر تشدد کا الزام ہے جبکہ ملک اعجاز اور ملک فاروق پر پسٹل کے بٹ مارنے اور محسن پر رائفل کے بٹ سے تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا، ملزمان نے دھمکیاں دیتے ہوئے مبینہ سیدھی فائرنگ کی، متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ اراضی کا تنازع پہلے ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا کے پاس زیر سماعت ہے ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے جبکہ نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments