سڑک نہ سیوریج،لینڈ مافیا نے نئی ہاؤسنگ سکیموں کے نام پر شہریوں کو گھیرنا شروع کر دیا
مؤثر کارروائی نہ ہونے سے غیرقانونی ہاؤسنگ کاروبار کے پھیلاؤ پر تشویش بڑھنے لگی ،زرعی رقبہ کو رہائشی استعمال میں لانے اور چھوٹی بڑی کالونیوں میں تقسیم کیا جا رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے دیہی علاقوں میں زرعی زمینوں کو راتوں رات رہائشی کالونیوں میں تبدیل کرنے کا سلسلہ تیز، لینڈ مافیا نے مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے نام پر سادہ لوح شہریوں کو گھیرنا شروع کردیا، کہیں زرعی رقبوں کی غیرمجاز تقسیم جاری ہے تو کہیں سڑک، سیوریج، بجلی، پارکس اور دیگر بنیادی سہولیات کے بغیر ہی مستقبل کے خواب دکھا کر پلاٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کی جا رہی ہے ، صورتحال پر موصول ہونے والی شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی نہ ہونے سے غیرقانونی ہاؤسنگ کاروبار کے پھیلاؤ پر تشویش بڑھنے لگی ہے ،ذرائع کے مطابق سرگودھا ضلع کے مختلف دیہی علاقوں اور شہری آبادیوں کے اطراف زرعی رقبہ جات کو رہائشی استعمال میں لانے اور انہیں چھوٹی بڑی کالونیوں میں تقسیم کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے ، مبینہ طور پر بعض مقامات پر متعلقہ منظوریوں اور قانونی تقاضوں کی تکمیل سے قبل ہی پلاٹوں کی تشہیر اور فروخت شروع کردی جاتی ہے ، شہریوں کو کشادہ سڑکوں، بجلی، سوئی گیس، سیوریج، پارکس اور دیگر سہولیات کے پُرکشش وعدے کرکے سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاتی ہے ، لیکن بعد میں متعدد خریدار بنیادی سہولیات اور قانونی حیثیت کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہیں،پنجاب کے سرکاری قواعد کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری کے بغیر ڈویلپمنٹ سرگرمیاں شروع نہیں کی جا سکتیں، جبکہ پلاٹوں کی مارکیٹنگ اور فروخت بھی باقاعدہ منظوری کے بعد ہی کی جا سکتی ہے ۔ سرکاری رہنمائی کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری کے لیے متعلقہ لوکل گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا قانونی طریقہ کار موجود ہے ،سرگودھا میں اس خدشے کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف پولیس مقدمات درج کرچکی ہے ، جبکہ ایک حالیہ کارروائی میں ڈسٹرکٹ کونسل کی درخواست پر بغیر مطلوبہ منظوری کے پلاٹوں کی خرید و فروخت اور ترقیاتی کام شروع کرنے کے الزامات پر مقدمہ بھی درج ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments