سپیشل ایجوکیشن اداروں کے یونیفارم ٹینڈر میں مبینہ بے ضابطگیاں، تحقیقات کا حکم

سپیشل ایجوکیشن اداروں کے یونیفارم ٹینڈر میں مبینہ بے ضابطگیاں، تحقیقات کا حکم

ڈی او آفس میں تعینات ایک اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر فرم سے کمیشن طلب کیا گیا، بعض اداروں نے یونیفارم وصول کرنے کے بعد ادائیگیاں کر دیں

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سپیشل ایجوکیشن اداروں میں یونیفارم کے ٹینڈر، سرکاری فنڈز کے مبینہ ضیاع، بدانتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آنے پر ڈی جی سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ۔ذرائع کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران سپیشل بچوں کے یونیفارم کی خریداری کے لیے مشترکہ ٹینڈر جاری کیا گیا، جس میں ایک نجی فرم کو کامیاب قرار دیا گیا، تاہم بعد ازاں یونیفارم کی سپلائی اور ادائیگیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئیں۔

ڈی او آفس میں تعینات ایک اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر فرم سے کمیشن طلب کیا گیا جبکہ بعض اداروں نے یونیفارم وصول کرنے کے بعد ادائیگیاں کر دیں اور دیگر اداروں کی ادائیگیاں روک دی گئیں۔متعدد سپیشل بچوں کو بروقت یونیفارم فراہم نہ کیے جا سکے ، جبکہ تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے سرکاری فنڈز مالی سال کے دوران استعمال نہ ہونے کے باعث واپس چلے گئے ۔ دو سال بعد بقایا بل دوبارہ تیار کرکے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، جس پر تقریباً 47 لاکھ روپے کے بل تیار کیے گئے ، تاہم انہیں منظور نہ کیا گیا اور مزید 35 سے 37 لاکھ روپے کے فنڈز بھی استعمال نہ ہو سکے ۔تحقیقات میں ٹینڈر، سپلائی، ادائیگیوں، ریکارڈ اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لیا جائیگا۔ مبینہ غفلت یا مالی بے ضابطگی ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی سفارش کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...