یونیورسٹی اور بیت المال میں بچوں کے بہتر غذائی نظام کا معاہدہ

 یونیورسٹی اور بیت المال میں بچوں  کے بہتر غذائی نظام کا معاہدہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف سرگودھا اور محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سرگودھا کے درمیان چلڈرن ہومز میں بچوں کے بہتر غذائی نظام کو یقینی بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدے پر ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال شاکرا نورین اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر میاں انجم مرتضیٰ نے دستخط کیے ۔معاہدے کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن بچے اور بچیوں کے چلڈرن ہومز میں بچوں کی غذائی صحت اور نشوونما کا باقاعدگی سے جائزہ لے گا۔ جبکہ غذائی کمی اور غذائی عدم توازن کی نشاندہی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ ادارے کی جانب سے بچوں کی عمر اور غذائی ضروریات کے مطابق متوازن اور کم لاگت غذائی چارٹ مرتب کرنے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح کچن میں خوراک کی صفائی، حفظانِ صحت، ذخیرہ کرنے اور محفوظ طریقے سے خوراک تیار کرنے کے حوالے سے بھی پیشہ ورانہ رہنمائی دی جائے گی۔معاہدے کے تحت بچوں اور کچن و نگہداشت کے عملے کے لیے صحت بخش خوراک، غذائیت اور خوراک سنبھالنے کے محفوظ طریقوں سے متعلق آگاہی و تربیتی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔اس کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے لیے دونوں چلڈرن ہومز میں ماہرین کی زیر نگرانی انٹرن شپ، تحقیقی و فیلڈ منصوبوں اور کمیونٹی سروس کی سرگرمیوں کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...