متاثرہ ریڑھی بانوں کا ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاجی دھرنا
متاثرہ ریڑھی بانوں کا ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاجی دھرنامتعدد ریڑھیاں دفتر میں بند کردیں ،روزگار شدید متاثر ہورہا ، ریڈھی بان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کارپوریشن حکام کی جانب سے ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائی اور ریڑھیاں پکڑ کر دفتر میں بند کیے جانے کے خلاف متاثرہ ریڑھی بان ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاج پر بیٹھ گئے ۔ احتجاجی ریڑھی بانوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کارپوریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد ریڑھیاں اٹھا کر دفتر میں بند کردیں جبکہ آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث ان کا روزگار شدید متاثر ہورہا ہے ۔ ریڑھی بانوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں اور ریڑھیاں ہی ان کی آمدن کا واحد ذریعہ ہیں، لیکن ریڑھیاں بند ہونے سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے اور دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر تجاوزات کے حوالے سے کوئی خلاف ورزی ہے تو انہیں مناسب جگہ فراہم کی جائے اور ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے ، بلاجواز ریڑھیاں پکڑ کر بند کرنے سے غریب خاندانوں کا معاشی پہیہ روک دیا گیا ہے ۔ ریڑھی بانوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ضبط کی گئی ریڑھیاں واپس دلائی جائیں۔ اور انہیں روزگار جاری رکھنے کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جائے ، جبکہ احتجاجی ریڑھی بانوں کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments