بجلی کی تاروں کو زمین کے اندر ڈال کر ان کے اوپر پکا فرش ڈال دیا
بجلی کی تاروں کو زمین کے اندر ڈال کر ان کے اوپر پکا فرش ڈال دیا سیمنٹ اور ٹائلیں بچھانے کے اقدام نے شہریوں اور تاجروں کو تشویش میں مبتلا کردیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کچہری بازار اور سٹی روڈ کی بیوٹیفکیشن کے تحت بجلی کی تاروں کو زمین کے اندر ڈال کر ان کے اوپر پکا فرش، سیمنٹ اور ٹائلیں بچھانے کے اقدام نے شہریوں اور تاجروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی زیرِ زمین بچھائی گئی تاروں میں مستقبل میں کسی بھی قسم کی خرابی پیدا ہوئی تو مرمت کے لیے پہلے تیار کیا گیا فرش توڑنا، ٹائلیں اکھاڑنا اور دوبارہ تعمیر کرنا پڑے گا، تاجروں کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران شہر میں شہریوں اور کاروباری طبقے کو پہلے ہی کروڑوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، ایسے میں بیوٹیفکیشن کے منصوبوں میں مستقبل کی مشکلات کو پیش نظر رکھنا ضروری تھا، بجلی کی تاروں کو زمین میں دفن کرنے سے پہلے اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہیے تھا کہ خرابی کی صورت میں پورا فرش توڑے بغیر مرمت ممکن ہو، بصورت دیگر آج کی خوبصورتی کل ایک بڑے مسئلے میں تبدیل ہوسکتی ہے ۔ تاجروں نے شکوہ کیا کہ افسران بیوٹیفکیشن بازاروں کے دورے کرتے ہیں، تصاویر بنواتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، مگر منصوبے کی عملی افادیت اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے مقامی تاجروں سے مشاورت کی زحمت نہیں کی جاتی،حکام کو چاہیے کہ محض فوٹو سیشن کے بجائے زمینی حقائق اور مقامی تاجروں کی تجاویز کو بھی منصوبہ بندی کا حصہ بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments