کراچی قتل ہونے والے شخص کے 5بچے اسلام آباد سے بازیاب
کراچی قتل ہونے والے شخص کے 5بچے اسلام آباد سے بازیابگلاں بی بی نے اپنے پانچ بچون کی بازیابی کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی
واں بھچراں (نمائندہ دنیا)تھانہ موسیٰ خیل پولیس نے عدالتی حکم پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں قتل ہونے والے شخص کے پانچ کمسن بچوں کو اسلام آباد سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ عدالت کے حکم پر پانچوں بچوں کو ان کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔گلاں بی بی نے اپنے پانچ کمسن بچوں کی بازیابی کے لیے عدالت میانوالی میں دفعہ 491 ضابطہ فوجداری کے تحت درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے بچوں کو بازیاب کرا کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ موسیٰ خیل انسپکٹر کامران بخت نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ذرائع اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی مدد سے بچوں کا سراغ لگایا۔پولیس ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں ایک زیر تعمیر مکان کے تہہ خانے سے پانچوں بچوں امیر معاویہ، مہروز، صہیب، ماہ نور اور ماہم کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ بچوں کے والد محمد فاروق کچھ عرصہ قبل کراچی میں قتل ہو گئے تھے ۔ بچوں کو والدہ سے دور رکھ کر روپوش کیے جانے کا معاملہ جائیداد اور اثاثہ جات کے تنازع کے تناظر میں عدالت کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔پولیس نے بازیاب بچوں کو عدالت میانوالی میں پیش کیا، جہاں عدالتی حکم پر انہیں والدہ گلاں بی بی کے حوالے کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments