ہائوسنگ سوسائٹیز کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ
کمشنر نے کمیٹی تشکیل دیدی،7روز میں رپورٹ طلب،کمیٹی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت، رقبہ، نقشہ جات، ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات کا ڈیٹا مرتب کریگی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ضلع بھر میں قائم ہاؤسنگ سوسائٹیز کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سات روز میں رپورٹ طلب کر لی۔ اس حوالے سے کمشنر کی زیر صدارت ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق مختلف امور، مسائل اور انتظامی معاملات کے جائزے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی منظوری، قانونی حیثیت، ریگولیشن، نقشہ جات، ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور شہریوں کو درپیش مسائل سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سرگودھا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندے ، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق تمام معاملات میں قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد، شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جائے ۔ جبکہ منظور شدہ سوسائٹیز میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کی مؤثر نگرانی کی جائے ۔کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو سات روز کے اندر ضلع میں موجود تمام ہاؤسنگ سکیموں کا تفصیلی ڈیٹا مرتب کرے گی۔
کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے علاوہ ضلع کونسل، سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور PHATA کے نمائندگان شامل ہوں گے ۔کمیٹی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری، قانونی حیثیت، رقبہ، نقشہ جات، ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور دیگر متعلقہ امور کا جامع ڈیٹا مرتب کرے گی، جس کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل اور ضروری قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق امور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے ذریعے بروقت حل کیے جائیں اور شہریوں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق مختلف کیسز اور مسائل پر متعلقہ محکموں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments