گندم مہم کیلئے کمیٹی تشکیل، معیاری بیج، کھاد، نہری پانی کی فراہمی کے اقدامات کریگی
کمیٹی گزشتہ سال کی نسبت زیادہ پیداواری اہداف کے حصول کیلئے ڈویژن، ضلع اور تحصیل سطح پر اقدامات کی نگرانی بھی کرے گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )حکومت پنجاب محکمہ زراعت لاہور کی ہدایات پر کمشنر سرگودھا ڈویژن نے گندم مہم 2026-27 کو کامیاب بنانے کے لیے ڈویژنل سطح پر ویٹ کراپ مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ، جبکہ ڈپٹی کمشنرز سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر، ڈائریکٹر زراعت توسیع (ممبر/سیکرٹری)، ڈائریکٹر تعلقات عامہ، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک، چیف انجینئر آبپاشی اور کراپ رپورٹنگ سروس کے افسران کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔
کمیٹی میں نجی شعبے کی نمائندگی کے لیے فرٹیلائزر کمپنی ایف ایف سی کے ریجنل منیجر فرحان گھوری، پیسٹی سائیڈ کمپنی ایگریرین کراپ سائنسز کے سید ارشد حسین رضوی اور سیڈ کمپنی جالندھر سیڈ کے خالد محمود جبکہ غلہ منڈی، فرٹیلائزر اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے نمائندگان بھی شامل کیے گئے ہیں۔ چاروں اضلاع کے ترقی پسند کاشتکار رحیم داد (سرگودھا)، ملک عصمت اللہ بوچھال (خوشاب)، عبدالقادر خان (میانوالی) اور شہباز اختر (بھکر) بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔ کمیٹی گندم مہم کے منظور شدہ پلان پر عملدرآمد کی نگرانی، زیرکاشت رقبہ اور پیداوار بڑھانے کے لیے آگاہی مہم، معیاری بیج، کھاد، جڑی بوٹی مار ادویات اور نہری پانی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے سمیت دیگر اقدامات کرے گی۔ کمیٹی ہر 15 روز بعد اجلاس منعقد کرکے پیش رفت کا جائزہ لے گی اور گزشتہ سال کی نسبت زیادہ پیداواری اہداف کے حصول کے لیے ڈویژن، ضلع اور تحصیل سطح پر اقدامات کی نگرانی کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments