ترقیاتی منصوبوں میں عدم ہم آہنگی، اربوں نقصان کا خدشہ

ترقیاتی منصوبوں میں عدم ہم آہنگی، اربوں نقصان کا خدشہ

متعدد اہم سڑکوں پر سیوریج لائنوں کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا،سڑکوں کے فنڈز بھی جاری ہو چکے ،واسا کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے دوہرا خرچہ ہو نے کا خدشہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )سرکاری محکموں کی مبینہ ناقص منصوبہ بندی اور باہمی عدم ہم آہنگی کے باعث عوامی خزانے کے اربوں روپے داؤ پر لگنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق واسا کی جانب سے شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے مین سیور لائنوں کی تبدیلی اور توسیع کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے ، تاہم شہر کی متعدد اہم سڑکوں پر سیوریج لائنوں کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب انتظامیہ نے انہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے اون سورس ریونیو کے تحت نہ صرف سکیموں کی منظوری دے دی بلکہ فنڈز بھی جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سڑکوں کی ان سکیموں کے لیے فنڈز بلدیاتی اداروں کی جوائنٹ اتھارٹی اور واسا سے حاصل کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ ہائی وے نے منصوبوں کے ٹھیکیداروں سے ٹینڈرز بھی طلب کرلیے ہیں۔صورتحال نے یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ اگر پہلے سڑکیں تعمیر کردی گئیں اور بعدازاں واسا نے مین سیور لائنیں بچھانے کے لیے انہی سڑکوں کی کھدائی کردی تو نئی تعمیر پر خرچ ہونے والی خطیر رقم کا کیا ہوگا۔

شہریوں کے مطابق ایک جانب سڑکوں کی تعمیر کی تیاری کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب انہی سڑکوں کے نیچے سیوریج کا بنیادی انفراسٹرکچر بچھانے کا منصوبہ ہے ، تاہم دونوں منصوبوں کے شیڈول، ترجیحات اور تعمیراتی مراحل میں مطلوبہ ہم آہنگی دکھائی نہیں دے رہی۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے سڑکیں تعمیر، پھر سیوریج لائنوں کے لیے کھدائی اور اس کے بعد دوبارہ سڑکوں کی مرمت کی گئی تو اس سے قومی و عوامی خزانے پر اضافی بوجھ پڑنے کے ساتھ شہریوں کو طویل عرصے تک ٹریفک، دھول، کیچڑ اور آمدورفت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کے ٹینڈرز اور تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل واسا کے سیوریج منصوبے کا روٹ، ٹائم لائن اور تعمیراتی شیڈول واضح کیا جائے اور تمام متعلقہ محکمے مشترکہ پلان کے تحت کام کریں تاکہ ایسی سڑکوں پر دوبارہ رقم خرچ کرنے کی نوبت نہ آئے جنہیں قلیل مدت میں کھودنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...