جانور کو غیر ضروری تکلیف دینا اور اوور لوڈ کرنا قابل سزا، قانون عملا غیر مئوثر
اوورلوڈنگ پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ،مالک یا ذمہ دار کی جانب سے اوورلوڈنگ کی اجازت دینے پر دو لاکھ تک جرمانہ مقرر،قانون کی موجودگی کے باوجود خوف ختم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) جانوروں پر بے رحمی اور اوورلوڈنگ روکنے کے لیے موجود قانونی نظام عملاً غیر مؤثر ہونے سے سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بے زبان جانوروں پر ظلم کے واقعات کی روک تھام ایک چیلنج بن کر رہ گیا ہے ، ماضی میں جانوروں پر تشدد، غیر ضروری تکلیف اور اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور چالان کا نظام موجود تھا جبکہ جرمانوں کا خوف مالکان کو جانوروں پر بے رحمی سے روکنے کا مؤثر ذریعہ بنتا تھا، تاہم اب فیلڈ میں نگرانی اور عملی کارروائی کا نظام کمزور پڑنے سے مال برداری اور دیگر کاموں میں استعمال ہونے والے جانوروں پر گنجائش سے زیادہ بوجھ لادنے ، مارپیٹ کرنے اور بیمار یا کمزور جانوروں سے کام لینے کی شکایات بڑھ رہی ہیں، حالانکہ نافذ العمل قانون کے تحت جانور کو غیر ضروری تکلیف دینا اور اوورلوڈ کرنا قابلِ سزا ہے اور اوورلوڈنگ پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ جبکہ مالک یا ذمہ دار کی جانب سے اوورلوڈنگ کی اجازت دینے پر دو لاکھ روپے تک جرمانہ مقرر ہے ، قانون میں بیمار یا کام کے لیے ناموزوں جانور سے مشقت لینے پر بھی جرمانے کی سزا موجود ہے ۔ ذرائع کے مطابق ضلع کی سطح پر انسدادِ بے رحمی کے نظام، فیلڈ مانیٹرنگ اور مؤثر قانونی کارروائی میں کمی کے باعث قانون کی موجودگی کے باوجود اس کا خوف ختم ہوتا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments