ریکارڈ میں ردو بدل ،چھ پٹواری ملازمت سے برخاست
ریکارڈ میں ردو بدل ،چھ پٹواری ملازمت سے برخاست سرکل میں ریونیو سے متعلق امور کی انجام دہی کے لیے متبادل پٹواری تعینات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ ریونیو میں کرپشن، عوامی شکایات، مالی غبن اور ریونیو ریکارڈ میں ردو بدل کے الزامات ثابت ہونے پر چھ پٹواریوں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے مطابق برخاست کیے جانے والے پٹواریوں میں محمد عزیر، شوکت حیات، محمد ذیشان باقر، محمد یوسف، طاہر نقاش اور شہزاد احمد شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ انکوائری کی گئی، الزامات کی تصدیق کے بعد تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں صفائی کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس کے بعد ملازمت سے برخاستگی کے احکامات جاری کیے گئے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ متعلقہ پٹوار سرکل میں ریونیو سے متعلق امور کی انجام دہی کے لیے متبادل پٹواری تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ سرکاری امور کا تسلسل برقرار رہے ۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واضح کیا ہے کہ سرکاری فرائض کی ادائیگی میں بدعنوانی، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر نہ صرف ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے بلکہ قانون کے مطابق مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرگودھا وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرو کرپشن وژن کے تحت تمام محکموں میں شفافیت، میرٹ اور بلاامتیاز احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments