گرین بیلٹ تاش کھیلنے والوں کی آماجگاہ بن گئی
صورتحال کے باعث بچوں پر منفی اثرات پڑنے کے خدشات ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) فیکٹری ایریا میں انتظامیہ کی جانب سے خطیر فنڈز خرچ کرکے تعمیر کی گئی گرین بیلٹ عوام کے لیے تفریح اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی سہولت فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر تاش کھیلنے والوں کی آماجگاہ بن گئی۔ اہل علاقہ کے مطابق گرین بیلٹ پیدل واک کرنے ، بچوں کے کھیلنے اور خاندانوں کو پُرسکون ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے تعمیر کی گئی تھی، تاہم شام ہوتے ہی مختلف مقامات پر لوگوں کی ٹولیاں تاش کھیلنے کے لیے بیٹھ جاتی ہیں اور یوں عوامی تفریح کے لیے مختص جگہ پر غیر متعلقہ افراد کا غلبہ دکھائی دینے لگتا ہے ۔ صورتحال کے باعث بچوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کے خدشات ہیں، جبکہ خواتین کو بھی گرین بیلٹ سے گزرنے اور وہاں وقت گزارنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ حیران کن امر یہ ہے کہ گرین بیلٹ کی نگرانی کے لیے سکیورٹی گارڈ بھی تعینات ہے ، مگر اہل علاقہ کا الزام ہے کہ مبینہ اثرورسوخ کے باعث وہ تاش کھیلنے والوں کو روکنے سے گریز کرتا ہے ۔ عوامی فنڈز سے تعمیر ہونے والی تفریحی سہولت پر مخصوص افراد کا غلبہ انتظامی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کی افادیت پر سوالیہ نشان ہے ۔ اہل علاقہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لینے ، گرین بیلٹ کو غیر متعلقہ سرگرمیوں سے پاک کرنے اور سکیورٹی گارڈ کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ عوامی مقام اپنے اصل مقصد کے لیے بحال ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments