امتحانات میں نگران مقرر کیے جانے سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر
امتحانات میں نگران مقرر کیے جانے سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر سکولوں سے بڑی تعداد میں اساتذہ کو امتحانی مراکز پر ڈیوٹیوں پر لگا دیا گیا
کندیاں(نمائندہ دنیا)سکولوں میں تعینات سرکاری اساتذہ کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور سرگودھا بورڈ کے امتحانات میں نگران مقرر کیے جانے سے ضلع بھر کے سکولوں میں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے لگی ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع میانوالی کے مختلف سکولوں سے بڑی تعداد میں اساتذہ کو امتحانی مراکز پر ڈیوٹیوں پر لگا دیا گیا ہے ۔ امتحانات صبح اور دوپہر کی شفٹ میں ہو رہے ہیں، جس کے باعث سکولوں میں کلاسز لینے والا کوئی نہیں رہا۔سب سے تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ جن اساتذہ کی ڈیوٹی سیکنڈ شفٹ میں ہے ، وہ بھی مارننگ میں سکول سے غیر حاضر رہنا معمول بنا چکے ہیں سکول آ کر بھی بچے خالی کلاس رومز میں بیٹھے رہتے ہیں یا گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت تعلیم کی بہتری کے دعوے کرتی ہے ، دوسری طرف امتحانی ڈیوٹیوں کے نام پر سکولوں کو اساتذہ سے خالی کر دیا گیا ہے ۔ کئی سکولوں میں ایک ہی استاد تین تین کلاسیں سنبھال رہا ہے ، جبکہ کئی سکولوں میں پرائمری کے بچے سارا دن کھیل کود میں گزار دیتے ہیں۔اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری سے نصاب مکمل نہیں ہو رہا۔ میٹرک اور پرائمری کے طلبہ کے سالانہ امتحانات قریب ہیں لیکن تیاری نہ ہونے کے برابر ہے والدین کو خدشہ ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو بچوں کے نتائج بری طرح متاثر ہوں گے ۔دوسری جانب محکمہ تعلیم کے افسران بھی اس صورتحال سے بے خبر بنے ہوئے ہیں سکولوں کی چیکنگ کا کوئی مؤثر نظام نہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments