سگریٹ نوشی اور فضائی آلودگی پھیپھڑوں کی بیماری کی بڑی وجوہات

سگریٹ نوشی اور فضائی آلودگی پھیپھڑوں کی بیماری کی بڑی وجوہات

سگریٹ نوشی اور فضائی آلودگی پھیپھڑوں کی بیماری کی بڑی وجوہاتبروقت تشخیص اور احتیاط ضروری ،آ گاہی پہلی شرط : ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) عوام میں پھیپھڑوں کی بیماریوں سے بچاؤ اور ان کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ دائمی رکاوٹ پھیپھڑوں کی بیماری (COPD) ایک سنگین مگر قابلِ تدارک بیماری ہے ، جس میں مریض کو سانس لینے میں دشواری، مسلسل کھانسی، بلغم اور سینے میں جکڑن جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس بیماری کی بڑی وجوہات میں سگریٹ نوشی، فضائی آلودگی، دھواں اور گردوغبار شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار ماہر امراضِ سینہ و تپِ دق ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے عالمی یومِ COPD کے حوالے سے اپنے آگاہی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اور COPD لاحق ہونے کے خطرے میں نمایاں اضافہ کرتی ہے ۔

سگریٹ نوشی کے علاوہ لکڑی، کوئلے اور دیگر ایندھن کے دھوئیں، صنعتی آلودگی اور گردوغبار سے بھی پھیپھڑوں کی صحت متاثر ہوتی ہے ۔ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ بیماری کی ابتدائی علامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے ۔ مسلسل کھانسی، بلغم یا سانس پھولنے کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ COPD سے بچاؤ کے لیے سگریٹ نوشی ترک کرنا، گھر اور اردگرد کے ماحول کو دھوئیں سے پاک رکھنا، آلودگی اور گردوغبار سے بچاؤ، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا انتہائی ضروری ہے ۔ اس بیماری میں مبتلا مریضوں کو ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ادویات اور انہیلر استعمال کرنے کے ساتھ باقاعدگی سے طبی معائنہ بھی کروانا چاہیے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پھیپھڑوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے سگریٹ نوشی سے مکمل پرہیز کریں، اپنے اہل خانہ کو بھی دھوئیں سے محفوظ رکھیں اور COPD کی علامات ظاہر ہونے پر بروقت تشخیص اور علاج کروائیں تاکہ بیماری کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...