اشتہاری انعامو وینس گینگ کے مفرور ملز موں کے گرد گھیرا
اشتہاری انعامو وینس گینگ کے مفرور ملز موں کے گرد گھیرا سہولت کاروں کے خلاف بھی آپریشن کلین اَپ کا فیصلہ،تاجروں کو تحفظ دینگے :ڈی پی او
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں خطرناک اشتہاری انعامو وینس گینگ کے خلاف پولیس آپریشن کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے مفرور اشتہاری ملزمان کو واضح پیغام دیتے ہوئے انہیں سرنڈر کرنے کی ہدایت کی ہے ، جبکہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور تاجر برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے اہم شواہد کی روشنی میں آپریشن کلین اَپ شروع کر دیا گیا ہے ، جس کے تحت مفرور اشتہاری ملزمان کے ساتھ ساتھ ان کے مبینہ سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بھی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے ۔دوسری جانب اشتہاری ملزمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبینہ پروپیگنڈے اور منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے ، جو سوشل میڈیا پر سرگرم ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کرے گا۔پولیس حکام کے مطابق خطرناک اشتہاری گینگ کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور مبینہ سہولت کاروں و معاونین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان خراب کرنے اور شہریوں، خصوصاً تاجر برادری کو ہراساں کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments