سرکاری محکموں کے سول مقدمات کی آن لائن مانیٹرنگ منصوبہ نتائج دینے میں ناکام

سرکاری محکموں کے سول مقدمات کی آن لائن مانیٹرنگ منصوبہ نتائج دینے میں ناکام

پالیسی پر عملی پیش رفت اور کارروائی کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں،عدالتوں میں مطلوبہ ریکارڈ اور جوابات بروقت فراہم نہ کرنے سے مقدمات کی پیروی متاثر ہو رہی ہے

 ڈیجیٹل نظام، افسران کی تربیت اور روزانہ رپورٹس کے دعوؤں کے باوجود سرگودھا میں زیرِ التواء مقدمات، تاخیر کی وجوہات اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔حکومت پنجاب نے سرکاری محکموں کے سول مقدمات کی بروقت پیروی اور تاخیری حربوں کی روک تھام کے لیے تمام کیسز کو لٹیگیشن مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔محکموں کے فوکل پرسنز کو سابقہ اور نئے مقدمات، اپیلوں، شکایات اور نظرثانی کے کیسز کا مکمل ریکارڈ آن لائن اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔پنجاب ڈسپیوٹ ریزولوشن اینڈ لٹیگیشن پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان پر مشتمل کمیٹی کو ہر سہ ماہی مقدمات کا جائزہ لینے ، تاخیر کی وجوہات معلوم کرنے اور ذمہ دار افسران کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، تاہم اس پالیسی پر عملی پیش رفت اور کارروائی کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔عدالتوں میں مطلوبہ ریکارڈ اور جوابات بروقت فراہم نہ کرنے سے مقدمات کی پیروی متاثر ہو رہی ہے ۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ التواء مقدمات کی محکمہ وار تفصیلات، تاخیر کے اسباب اور ذمہ دار افسران کی نشاندہی کرکے جواب دہی یقینی بنائی جائے ، تاکہ سرکاری مقدمات کی بروقت پیروی اور قومی خزانے کا تحفظ ممکن ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...