خواتین کے تحفظ کا قانون بے اثر، عملی اقدامات نہ ہو سکے

  خواتین کے تحفظ کا قانون  بے اثر، عملی اقدامات نہ ہو سکے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) خواتین کو تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون سازی، سیمینارز، اجلاسوں اور سرکاری ہدایات کے باوجود عملی اقدامات نہ ہونے سے متاثرہ خواتین کی شکایات کے ازالے اور تحفظ کا نظام غیر مؤثر ہو کر رہ گیا ہے ۔

حکومت کی جانب سے دو سال قبل خواتین کے خلاف تشدد سے تحفظ ایکٹ 2016 (ترمیم شدہ 2022) پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ضلعی کمیٹیوں کے قیام کے ذریعے خواتین کو تشدد سے بچانے ، متاثرہ خواتین کو فوری قانونی معاونت و تحفظ فراہم کرنے ، شکایات پر بروقت کارروائی اور مختلف محکموں کے درمیان مربوط رابطہ کاری کے بلند بانگ دعوے کیے گئے تھے ۔ اس سلسلے میں پولیس، سماجی بہبود، خواتین کے تحفظ، صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں، جبکہ خواتین کو قانونی حقوق سے آگاہ کرنے اور بلا خوف و جھجھک شکایات درج کرانے کی ترغیب دینے کے لیے خصوصی آگاہی مہمات چلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم دو سال گزرنے کے باوجود ان اعلانات کو عملی شکل دینے کے لیے کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ خواتین کا کہنا ہے کہ شکایات کے اندراج سے لے کر متاثرہ خواتین کو فوری تحفظ، قانونی رہنمائی، طبی سہولیات اور انصاف کی فراہمی تک مربوط اور مؤثر نظام کی عدم موجودگی قانون کے بنیادی مقاصد کو متاثر کر رہی ہے ۔ محض اجلاس منعقد کرنے ، افسران کو ہدایات جاری کرنے اور مستقبل کے منصوبوں پر اتفاق کرنے سے خواتین کو تشدد سے تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ متعلقہ محکموں کو موصول ہونے والی شکایات، ان پر ہونے والی کارروائی، متاثرہ خواتین کو فراہم کردہ تحفظ اور قانونی معاونت کی تفصیلات بھی سامنے لانا ہوں گی، جبکہ ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے اداروں کا تعین کرکے قانون پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، بصورت دیگر خواتین کے تحفظ کے لیے بنایا گیا قانون سرکاری فائلوں اور اجلاسوں کی کارروائی تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...