آرٹس کونسل میں سالانہ مجلس ابن عربی کا انعقاد
حضرت محی الدین ابنِ عربی کی تعلیمات نئی نسل تک پہنچانا ضروری،وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی کومفتی شاہ حسین گردیزی نے اپنی دو علمی تصانیف پیش کیں
کراچی (این این آئی) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا ہے کہ حضرت محی الدین ابنِ عربی کی فکر و تعلیمات نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نوجوانوں میں علمی و فکری شعور اجاگر کرنے کے لیے کتابوں، مطالعاتی حلقوں، علمی مکالمے اور جدید ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کے ایوانِ جوش میں سالانہ مجلس ابنِ عربی کے سلسلے میں منعقدہ علمی و فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ نشست کا آغاز معروف عالمِ دین مفتی سید شاہ حسین گردیزی کی جانب سے وفاقی وزیر کو اپنی دو علمی و تحقیقی تصانیف پیش کرنے سے ہوا۔
وفاقی وزیر نے خطاب میں کہا کہ یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ہماری تہذیبی اور فکری روایت کو اپنے حقیقی علمی ورثے سے منسلک کرنے کا اہم ذریعہ ہے ۔ حضرت محی الدین ابنِ عربی اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیات میں شامل ہیں، جن کی فکر نے صدیوں سے اہلِ علم، محققین اور علم و معرفت سے وابستہ افراد کو متاثر کیا ہے ۔ ان کی تعلیمات یہ احساس دلاتی ہیں کہ علم محض معلومات حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ انسان کے باطن کو روشن کرنے ، اپنی ذات کو سمجھنے اور اپنے خالق و معبود کے ساتھ تعلق کو پہچاننے کا بنیادی ذریعہ بھی ہے ۔وفاقی وزیر نے نوجوان نسل میں علمی و فکری شعور پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments