بس میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سے شیخوپورہ جانے والی بس میں خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق خاتون نے 15ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے بتایا کہ وہ لاہور سے شیخوپورہ سفر کر رہی ہے ۔
پچھلی سیٹ پر بیٹھا شخص اسے مسلسل تنگ کر رہاہے اور منع کرنے کے باوجود باز نہیں آرہا۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے متاثرہ خاتون کی لائیو لوکیشن پولیس کو فراہم کی اورموقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بس کواگلے سٹاپ پر روک لیا۔ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھاکہ خاتون کی فراہم کردہ معلومات پر ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے معافی مانگنے اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی پر خاتون نے اسے معاف کر دیا۔خواتین کسی بھی ناگہانی صورتحال میں 15پر کال کرکے 2دباکرورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں رابطہ کریں۔