1لاکھ لٹر جعلی دودھ تیار کرنیوالا سپلائر خیبرپختونخوا سے گرفتار

1لاکھ لٹر جعلی دودھ تیار کرنیوالا سپلائر خیبرپختونخوا سے گرفتار

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب سے فرار روزانہ 1لاکھ لٹر جعلی دودھ تیار کرنے والا سپلائر خیبرپختونخواکے حطار انڈسٹریل زون سے گرفتار کرلیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی  کی اطلاع اور ریکی کے بعد خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے پنجاب سے فرارمقصود بھٹی گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ گرفتار ملزم مقصود بھٹی مشہور زمانہ جعلی دودھ سپلائر رئوف بھٹی کا قریبی رشتے دار ہے ، پنجاب میں مقصود بھٹی کے تمام یونٹس سربمہرکر کے سپلائی ٹینکر ضبط کئے جاچکے ۔ملزم 4 مقدمات میں مطلوب تھا۔ جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈاتھارٹی نے پنجاب حکومت اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا ملزم اس سے قبل بہاولنگر میں جعلی دودھ تیار کر کے سپلائی کرتے تھے ، پنجاب کی زمین جعلسازی کے کاروبار کیلئے تنگ ہونے پر مقصود بھٹی نے خیبر پختونخوا میں جعلی دودھ کا یونٹ لگایا، ملزم روزانہ تقریباً ایک لاکھ لٹر جعلی دودھ اسلام آباد، راولپنڈی ،چکوال اور دیگر علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ملزم اور اسکے ساتھی اپنے لیکٹوسکین پر ٹیسٹنگ کے بعد اصل جیسا جعلی دودھ تیار کر رہے تھے ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا پاکستان بھر سے جعلسازی کے خاتمے کیلئے تمام صوبوں کی فوڈاتھارٹیز سے رابطے میں ہیں، شعبدہ باز گروہ معیاری دودھ کے نام پر صارف کیساتھ دھوکہ کر رہا تھا، غذائی دہشتگردوں کو خوراک کاکاروبارکرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں