گوجرانوالہ:4مبینہ مقابلے ، 1ملزم ہلاک، 3زخمی گرفتار
لاہور، گوجرانوالہ، قلعہ دیدار سنگھ(کرائم رپورٹر، نامہ نگار)گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں چار مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔سی سی ڈی پنجاب نے اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران لیہ میں ایک بڑے آپریشن میں اپنے 4 اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔
گوجرانوالہ کے تھانہ گرجاکھ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران منشیات ،موٹر سائیکل چوری اور راہزنی کی 37 وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم ارحم عرف منا ہلاک ہو گیا جبکہ تھانہ صدر کامونکی کی حدود میں مقابلے کے دوران قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور راہزنی کی 30 وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم غلام محی الدین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم شاہد عثمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔تھانہ ایمن آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل چوری میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم علی حسن نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش میں موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق انتہائی مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم نے ضلع لیہ کے علاقے احسان پورہ میں کارروائی کی۔ اس دوران سی سی ڈی مظفرگڑھ نے ٹاپ ون انتہائی مطلوب اشتہاری اقرار حسین عرف اقراری بھلہ اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپہ مارا۔ اقرار حسین ضلع مظفرگڑھ کا سب سے زیادہ مطلوب اشتہاری بتایا جاتا ہے ۔کارروائی کے دوران اشتہاریوں نے شدید مزاحمت کی اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سی سی ڈی کا انسپکٹر محمد نواز اور 3 کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے ۔ اشتہاری اقرار حسین اور اس کے ساتھی شدید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر کوٹ ادو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر انہیں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔