نیشنل گیمز : پاک آرمی کا ٹائٹل کا کامیاب دفاع ، 29 وین بار ٹرافی اٹھائی
طلائی تمغوں کی ڈبل سنچری ، 97 سلور اور 56برائونز میڈلز جیتے ، واپڈا کی دوسری ،پاک نیوی تیسری ،پنجاب چوتھی اور ایچ ای سی کی پانچویں پوزیشن
راولپنڈی(زاہداعوان/سپورٹس رپورٹر) پاک آرمی نے 35ویں نیشنل گیمز میں طلائی تمغوں کی ڈبل سنچری کیساتھ اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا، آرمی نے 200گولڈ، 97سلور اور 56 برائونز میڈلز جیت کرمجموعی طور پر 29ویں بار قائداعظم ٹرافی اپنے نام کی۔ پاکستان واپڈا85 طلائی، 73چاندی اور 74کانسی کے تمغوں کیساتھ دوسرے اورپاکستان نیوی 36سونے ، 39چاندی اور35کانسی تمغوں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہی، صوبوں میں پنجاب نے 16گولڈ، 38سلور اور72برائونز میڈلزکیساتھ پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کی، نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوئی جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی ٹرافی پاک آرمی کو عطا کی اور دیگر انعامات تقسیم کیے۔
صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے شاندار کامیابی پر پنجاب کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی سپورٹس خضرافضال چودھری کی سربراہی میں کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں جو محنت کروائی اس کا بہترین نتیجہ سامنے ہے ۔ قومی کھیلوں میں ایچ ای سی 14گولڈ میڈلز کیساتھ پانچویں، سندھ 11گولڈ کیساتھ چھٹے ، پاکستان ایئرفورس9طلائی تمغوں کیساتھ ساتویں، خیبر پختونخوا سونے کے 5تمغوں کیساتھ آٹھویں ، بلوچستان 4گولڈ کیساتھ نویں، پاکستان ریلویز 3گولد میڈلز کیساتھ دسویں، اسلام آباد اور پولیس ایک، ایک گولڈ میڈلز کیساتھ باالترتیب گیارہویں اور بارہویں جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کی ٹیموں کوئی بھی گولڈ میڈلز نہ جیت سکیں اور باالترتیب تیرہویں اور چودہویں نمبر پر رہیں۔