آئی پی ایل کی کمرشل ویلیو میں کمی، 2.4ارب ڈالر کا جھٹکا
جیو پولیٹیکل کشیدگی و میچز معطلی ، میگا نیلامی سے جڑی غیر یقینی صورتحال وجہ قرار ڈیجیٹل مقبولیت غیر معمولی طور پر مضبوط رہی:برانڈ فنانس ، رپورٹ جاری کردی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل )کی مجموعی کمرشل ویلیو میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ، جو 2024 میں 12 ارب ڈالر سے گھٹ کر 2025 میں 9.6 ارب ڈالر رہ گئی۔عالمی مالیاتی اعداد و شمار کا جائزہ لینے والی فرم برانڈ فنانس کی رپورٹ کے مطابق اس کمی کی وجوہات میں علاقائی جیو پولیٹیکل کشیدگی اور میگا نیلامی (میگا آکشن) اور ٹیموں کی ازسرِنو تشکیل سے جڑی غیر یقینی صورتحال شامل ہیں، اگرچہ ڈیجیٹل شمولیت (انگیجمنٹ) غیر معمولی طور پر مضبوط رہی۔ فرنچائز سطح پر 10 میں سے 9 ٹیموں کی برانڈ ویلیو میں کمی رپورٹ ہوئی،متعدد ذرائع ابلاغ نے اس گراوٹ کو سیزن کے دوران آپریشنل خلل سے جوڑا ہے۔
جہاں سکیورٹی خدشات کے باعث ناک آؤٹ مرحلے سمیت میچز تقریباً ایک ہفتے کیلئے معطل رہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً 16 میچز متاثر ہوئے ۔ اس تعطل کو کمرشل سرگرمیوں میں کمی اور لیگ کے ریونیو ایکو سسٹم پر اعتماد میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ڈی اینڈ پی ایڈوائزری کی ویلیوایشن رپورٹ (جس کا ذکر اکنامک ٹائمز نے کیا) تنازعے کے وقت سے ہٹ کر موجود ساختی مشکلات کی نشاندہی کرتی ہے ، جن میں خاص طور پر میڈیا مارکیٹ میں یکجائی (کنسولیڈیشن) اور بھارت میں رئیل منی گیمنگ سپانسرشپس پر پابندی شامل ہیں، جو پہلے ایک بڑا اشتہاری شعبہ تھیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بعض تجزیوں کے مطابق 2025 کی کمی نہ صرف ایک اچانک جھٹکا ہے بلکہ کرکٹ کے کمرشل ماڈل میں وسیع تر ازسرِنو ترتیب (ری کیلیبریشن) کا حصہ بھی ہے ۔