منڈی بہاؤالدین2:مبینہ مقابلوں میں 2ملزم زخمی گرفتار
منڈی بہاؤالدین‘ملکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ‘نمائندہ دنیا) دو مبینہ مقابلوں میں دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار۔ تفصیلات کیمطابق پولیس تھانہ گوجرہ نے مسجد چوک بھوجو وال میں ناکہ لگا رکھا تھا۔ اس دوران بھوجووال سے ایک موٹر سائیکل پر تین مشتبہ افراد سوار آئے جنہیں رکنے کا اشارہ کیا۔
لیکن ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی اور ملزموں نے فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل نین رانجھا کی طرف بھگا لی۔ پولیس نے مزید نفری منگوا کر ملزموں کا تعاقب جاری رکھا۔ دو تین کلومیٹر دور نین رانجھا کے قریب ایک ملزم زخمی حالت میں سڑک پر ملا جس کی شناخت انصر عباس عرف ارم ولد شاہ محمد ڈار سکنہ چک 43 کے نام سے ہوئی۔ دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ میانہ گوندل کے علاقہ میں ہوا۔ میانہ گوندل پولیس نے سندا پل پر ناکہ لگا رکھا تھا کہ اس دوران چک نمبر 49کی طرف سے ایک موٹر سائیکل پر تین مشتبہ سوار آئے ۔ پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل گنیاں کی طرف بھگا لی۔ پولیس نے مزید نفری منگوا کر ملزموں کا تعاقب کیا۔ دو تین کلومیٹر دور ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جسے ہسپتال منتقل کیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔گوجرہ اور میانہ گوندل پولیس نے ملزموں کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔