پنجاب اور سندھ میں ٹریفک حادثات، خواتین بچوں سمیت 20جاں بحق
خیرپور میں مسافرکوچ اور ٹرالر میں تصادم سے 11 ،کوٹ ادو اور بہاولنگرحادثات میں 9افرادلقمہ اجل بن گئے مرنیوالوں میں باپ بیٹی ، ایک ہی خاندان کی دو خواتین ،بچہ شامل، وزیر اعلیٰ کا غمزدہ خاندانوں سے اظہار افسوس
کراچی، خیرپور، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، بہاولنگر (ڈسٹرکٹ رپورٹر، سٹی رپورٹر، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں)پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 20افراد جاں بحق جبکہ 16زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور سے کراچی جا نیوالی مسافر بس سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر اوور ٹیک کرتے ہوئے ٹرالر سے جا ٹکرائی جس سے کوچ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 11 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے ،لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ادھر مظفر گڑھ کوٹ ادو میں سلطان کالونی کے قریب آئل ٹینکر موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑا جس سے ایک ہی خاندان کی دو خواتین اور بچے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ دو بچیاں شدید زخمی ہو گئیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
دریں اثنا ضلع بہاولنگر میں 2 مختلف ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے ۔چک 278 ایچ آر کے قریب لکڑیوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالر ایکسل ٹوٹنے سے الٹ گیا جس سے 3 مزدور مقصود ، محمد اقبال اور عابد جاں بحق اور2 شدید زخمی ہوگئے ۔ڈھولی والا کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماری جس سے باپ بیٹی عبدالغفار اور عروہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے خیر پورحادثے میں 11 افراد اور مظفر گڑھ میں ٹینکر ٹکرانے سے 4 موٹر سائیکل سواروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔دوسری طرف کراچی کے علاقے کلفٹن شون سرکل کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی ہے۔