راہوالی 7:افراد نے گند م کی فصل تباہ کردی،ملزموں کی فائرنگ
راہوالی (نامہ نگار)تھانہ کینٹ کے گاؤں ڈوگرانوالہ میں زمین پر قبضہ کرنے کیلئے 7افراد نے ٹریکٹر چلا کر گندم کی فصل تباہ کردی ،زمین کے مالک کے پہنچنے پر ملزمان نے پسٹلوں سے فائرنگ کی لیکن معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہ ہوا ۔
ڈوگرانوالہ کے زمیندار محمد یاسر ولد محمد ناصر نے پولیس کو درخواست دی کہ وہ اپنے ڈیرہ پر ٹیوب ویل کے کمرہ میں سویا ہوا تھا کہ رات 2بجے کے قریب اس کی فصل گندم میں ٹریکٹر چلنے کی آواز آئی تو اس کی آنکھ کھلی تو اس نے باہر نکل کر دیکھا تو مسمیان علی احمد صابر، عبدالرحمن عرف مانو سکنہ کوٹ بارے خاں اپنے 5نامعلوم ساتھیوں جو آتشیں اسلحہ سے مسلح تھے کے ہمراہ میری وراثتی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے ٹریکٹر چلا کر کاشت شدہ گندم کی فصل تباہ کررہے تھے ، ان کو منع کیا تو ملزم علی احمد صابر نے پسٹل سے فائرنگ کرکے مجھے مارنے کی کوشش کی لیکن معجزانہ طور پر محفوظ رہا ،اسی دوران ٹریکٹر چلنے اور فائرنگ کی آواز سن کر قریبی ڈیرہ سے میرے چچا محمد رضوان و دیگر بھی پہنچ گئے تو ملزمان فائرنگ کرتے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے فرار ہوگئے ۔ تھانہ کینٹ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔