گرین ٹاؤن:سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق
لاہور(کرائم رپورٹر)گرین ٹاؤن میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق ہو گئی،35 سالہ روبینہ کے لواحقین نے کارروائی کے لیے پولیس کو درخواست دے دی۔۔۔
تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن کے علاقے میں دو روز قبل 35سالہ خاتون روبینہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی جس کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ،روبینہ کے بھائی شہباز نے پولیس کو درخواست دی ہے کہ اس کو اسکے سسرالیوں نے قتل کیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ روبینہ کی شادی ایک سال قبل طلال سے ہوئی تھی، گزشتہ روز سسرالیوں نے میری بہن کو قتل کرکے دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ کیا اور خاموشی کیساتھ اس کی تدفین کر دی۔ اس کا کہنا ہے کہ میری بہن کے چہرے پر تشدد کے نشانات ہیں۔ اس حوالے سے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، روبینہ کے پوسٹ مارٹم کیلئے قبر کشائی کی کارروائی شروع کر دی ہے ۔