موٹر سائیکل نہر میں جا گری، خاتون جاں بحق، شوہر زخمی
آنکھ میں مچھر جانے سے حادثہ، ریسکیو سے ڈیڑھ گھنٹے بعد لاش برآمد
پاکپتن (سٹی رپورٹر)بورے والا روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی نہر میں جا گرے ، جس کے نتیجے میں بیوی جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اختر ولد اصغر بھٹی اپنی اہلیہ حسنہ بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گاؤں 211 ای بی اپنے رشتہ داروں سے ملنے جا رہے تھے ۔ جب وہ 167 ای بی تھری ایل پل کے قریب پہنچے تو اچانک موٹر سائیکل سوار کی آنکھ میں مچھر چلا گیا، جس سے وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔راہگیروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمی شخص کو نہر سے باہر نکال لیا، جبکہ خاتون تیز بہاؤ کے باعث پانی میں بہہ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خاتون کی تلاش شروع کی گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد خاتون کو نہر سے نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق میاں بیوی محلہ مظفرآباد کے رہائشی تھے ۔