چنیوٹ:پولیس کی کارروائی، 34من پوست برآمد ،2ملزم گرفتار
کوٹ وساوا کے علاقہ چک نمبر 149 ج ب سے ملزموں کو پکڑاگیا:شعیب خان
چنیوٹ،بھوانہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) چنیوٹ پولیس کی ضلع بھر میں سپیشل مہم کے تحت منشیات فروشوں کیخلا ف کاروائیاں جاری ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے منشیات کے سمگلرز اورڈیلرز کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ تھانہ کوٹ وساوا پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 34 من سے زائد پوست برآمد کر لی ۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی سٹی محمد شعیب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ کوٹ وساوا پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ 2 منشیات فروش پوست کا کا روبار کرتے ہوئے اور بذریعہ رکشہ سٹاک اکٹھا کر کے ضلع میں سپلائی کرنے والے ہیں۔خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ کوٹ وساوا انسپکٹر علی عرفان ، انسپکٹر طاہر محمود نے ٹیم کے ہمراہ چک نمبر 149 ج ب ریڈ کر کے دونوں ملزموں کو گرفتار کرکے موقع سے 34 من سے زائد پوست برآمد کرلی ، گرفتار منشیات فروشوں سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں ۔ ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کی طرف سے پولیس ٹیم کیلئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے معیاری تفتیش کے ساتھ سزائیں دلوائی جا رہی ہیں ، منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔