اسلام آباد:ڈاکوؤں کی فائرنگ، تاجر فارم ہاؤس میں قتل
واقعہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ میں ہوا، ڈاکو موبائل، گارڈز کا اسلحہ لے گئے سی سی ٹی وی ویڈیو میں ڈاکوؤں کو فارم ہاؤس میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش علاقے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے معروف تاجر فارم ہاؤس میں قتل کر دیا، ڈاکو عامر اعوان کا موبائل فون اور ان کے گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔ پولیس نے کہا واقعہ گزشتہ روز تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ڈاکوؤں کو فارم ہاؤس میں داخل ہوتے اور لان سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے ، ڈاکوؤں نے اپنے چہرے چھپا رکھے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف بزنس مین ٹیوٹا موٹرز کے مالک عامر اعوان شدید زخمی ہوئے تھے جو گزشتہ روز دوران علاج دم توڑ گئے ، واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے ردعمل میں کہا اس سال مجموعی طور پر اسلام آباد میں جرائم کے واقعات میں کمی ہوئی، اس سنگین واردات کی تحقیقات کرکے تمام تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھیں گے ، جتنے اندھے قتل ہوئے منطقی انجام تک پہنچایا گیا اور مجرمان کو سزائیں دلوائی ہیں۔