شہاب پورہ روڈ پرپیزا شاپ ویٹر کو مبینہ طور پر قتل کردیاگیا
منیجر اورعملے پر عبداﷲکو ہراساں کرنے کاالزام ،مقدمہ درج ، تفتیش جاری
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا )تھانہ حاجی پورہ کے علاقے شہاب پورہ روڈ پر واقع نجی پیزا شاپ میں عبداﷲ نامی ویٹر کو مبینہ طور پر تیسری منزل سے گرا کر قتل کر دیا گیا۔ حاجی پورہ پولیس نے مقتول کے بھائی ہاشم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتول کو گزشتہ کئی دنوں سے ادارے کے منیجر اور دیگر سٹاف کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا تھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں واقعے کی رات مقتول کو شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل ہے جبکہ رابطہ پر ایس ایچ او غازی میاں عبدالرزاق نے بتایاکہ نامزد اور نامعلوم ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ لواحقین نے واقعے کو خودکشی قرار دینے کی تردید کرتے ہوئے اسے قتل قرار دیا ہے اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرواکرا انصاف دلوایا جائے ۔