ننکانہ:سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک

ننکانہ:سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک

مرنے والے ملزموں میں لاہور کا رہائشی لازر مسیح، شیخوپورہ کا کاشف شامل ساہیوال میں 3 مقابلوں میں 4 ،پاکپتن میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

 ننکانہ صاحب، ساہیوال ، چیچہ وطنی، پاکپتن (خبر نگاران،نمائندگان دنیا، سٹی رپورٹر)ننکانہ صاحب میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ساہیوال میں مبینہ 3پولیس مقابلوں میں 4، جبکہ پاکپتن میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔  تفصیل کے مطابق تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ چندر کوٹ کے قریب سی سی ڈی اہلکاروں نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتارہوگئے ،جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے ۔ہلاک ڈاکوئوں کی شناخت لاہور کے رہائشی منشیات و رہزنی کے 22مقدمات میں مطلوب ملزم لازر مسیح اور شیخوپورہ کے رہائشی ڈکیتی کی 20وارداتوں میں مطلوب کاشف کے نام سے ہوئی ۔ہلاک ڈاکوؤں کے 2 ساتھی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ۔ساہیوال کے تھانہ نورشاہ کے گائوں 61/4-Rکے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ، دیگر 2ساتھی فرار ہو گئے ۔

گرفتارملزم کی شناخت30سے زیادہ مقدمات میں مطلوب ٹبی جنڈیر کے رہائشی بشیر عرف بگی کے نام سے ہوئی۔ تھانہ فرید ٹاؤن کے چک 87/6کے قریب ہونیوالے مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اعجاز ستار کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔ ساہیوال ہی کے تھانہ شاہکوٹ کی حدود میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈکیت گینگ کے سرغنہ ارشاد عرف شادو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر 2ساتھی فرار ہو گئے ۔پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کی حدود کے علاقہ پل 68 ڈی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ڈکیتی کی درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب گائوں 71 ڈی کا رہائشی زمان ولد گلزار زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ ساتھی فرار ہوگیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں