مبینہ پولیس مقابلے ، زیادتی اورقتل میں ملوث 5ملزم ہلاک

 مبینہ پولیس مقابلے ، زیادتی اورقتل میں ملوث 5ملزم ہلاک

ساہیوال میں عدنان ،شوکت اور شعیب اختر مارے گئے ، پولیس اہلکار زخمی سمندری میں نعمان ، شاہد ہلاک ہو ئے ،چنیوٹ سے ایک زخمی ملزم گرفتار

ساہیوال،سمندری ، چنیوٹ (خبرنگار،نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ، بچوں کو اغواء کے بعد زیادتی کرکے قتل کرنے کے مقدمات میں ملوث 5ملزم ہلاک ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں تھانہ غلہ منڈی کے ایس ایچ او  صمیم الرحمن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ رات کے وقت نہر ایل بی ڈی سی کے لنک پل کے قریب ناکہ پر 2موٹرسائیکلوں پر سوار 5 مسلح افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی ،فائرنگ کے تبادلہ میں 3 ملزم عدنان ،شوکت اور شعیب اختر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے 2ساتھی فرار ہو گئے ،گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار محمدبلال زخمی ہو گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق چند روز قبل ملزموں نے 14سالہ حسن قادر کواغواء کے بعد زیادتی کرکے قتل کردیا تھا اور لاش ہڑپہ کے قریب کھیت میں پھینک دی تھی۔

ادھر تھانہ صدر سمندری کی حدود چک نمبر 447 گ ب میں 7 سالہ بچے سے مبینہ زیادتی اور قتل کے مقدمہ کے 2 مرکزی ملزم نعمان اور شاہد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق دو نوں ملزم فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل ملزموں نے 7 سالہ بچے علی احمد کو مبینہ بدفعلی کے بعد قتل کر دیا تھا۔ ادھر چنیوٹ میں تھانہ سٹی کے علاقے میں پولیس اور موٹرسائیکل سوار مسلح ملز موں کے درمیان مبینہ مقابلہ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ، جبکہ دو ملزم فرار ہو گئے۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں