شکرگڑھ:نجی سکول میں 8سالہ طالبہ کرنٹ سے جاں بحق
عیسیٰ چوک (نامہ نگار)شکرگڑھ کے تھانہ نورکوٹ کے علاقہ بھٹیاں کلاں کے نجی سکول میں الیکٹرک واٹر کولر سے کرنٹ لگنے پر 8 سالہ طالبہ جاں بحق ہو گئی۔سکول پرنسپل کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 8 سالہ عمائمہ گرمی اور پیاس کی شدت کے باعث سکول میں نصب الیکٹرک واٹر کولر پر پانی پینے گئی،واٹر کولر میں کرنٹ آرہا تھا، جیسے ہی عمائمہ نے اسے چھوا، زوردار کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ والدین اور شہریوں نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اصغر خان کی مدعیت میں تھانہ نورکوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور سکول پرنسپل کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق سکول میں حفاظتی انتظامات اور بجلی کے نظام کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔