پنکی کے انکشافات پر پنجاب کے منشیات نیٹ ورک میں کھلبلی

 پنکی کے انکشافات پر پنجاب کے منشیات نیٹ ورک میں کھلبلی

لاہور پولیس کا کراچی سے رابطہ، ڈرگ ڈیلرز کی فہرست طلب ،ریکارڈفراہم پولیس افسر پر سنگین الزامات، پنکی لاہور کے فارم ہاؤسز میں پارٹیاں کرتی رہی

لاہور (کرائم رپورٹر)کراچی سے گرفتار انمول  پنکی کے انکشافات کے بعد پنجاب کے منشیات نیٹ ورک میں ہلچل مچ گئی ہے ۔ لاہور پولیس نے کراچی پولیس سے رابطہ کر کے پنجاب کے ڈرگ ڈیلرز کی فہرست طلب کر لی ہے ، جبکہ پنکی کے پنجاب میں منشیات ڈیلرز سے متعلق انکشافات بھی لاہور پولیس کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کو ملزمہ کے بیانات اور منشیات سے متعلق ریکارڈ بھی فراہم کیا گیا ہے ، جبکہ لاہور میں اس کے نیٹ ورک اور سابق مقدمات کی تفصیلات کراچی پولیس سے حاصل کی جا رہی ہیں۔ انمول پنکی کو 2024 میں لاہور میں اس وقت کے پولیس منشیات سیل نے گرفتار کیا تھا، جہاں اسے 10 سے 15 دن تک سی آئی اے کوتوالی میں رکھا گیا۔ اس دوران ایس پی کی جانب سے تفتیش کیے جانے اور ایک انسپکٹر کے ملزمہ سے قریبی تعلقات کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی تعلق اور مبینہ مالی معاملات کے باعث ملزمہ کو گرفتار کرنے یا مقدمہ درج کرنے کے بجائے چھوڑ دیا گیا۔

بعد ازاں متعلقہ پولیس افسر نے مبینہ طور پر ملزمہ سے شادی بھی کی اور 2025 میں ریٹائر ہو گیا۔الزامات کے مطابق ریٹائرڈ پولیس افسر نے ملزمہ کا کریمنل ریکارڈ بننے سے روکنے کی کوشش کی اور دوران سروس کروڑوں روپے کے معاملات میں سہولت کاری کی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اس کے منشیات نیٹ ورک میں معاونت جاری رکھنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ انمول پنکی لاہور کے فارم ہاؤسز میں منعقد ہونے والی پرتعیش پارٹیوں میں منشیات کے عادی افراد اور امیر طبقے کے افراد شریک ہوتے رہے ۔ اس کا نیٹ ورک کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں سرگرم رہا، جبکہ لاہور میں کریک ڈاؤن کے بعد اس نے اپنی سرگرمیاں کراچی تک محدود کر دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں