اپوزیشن پارلیمانی پارٹی اجلاس،سپیکر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
شرکا کاسپیکر قومی اسمبلی کے ریمارکس اور جانبدارانہ طرز عمل پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، پارلیمانی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے دئیے گئے نامناسب ریمارکس اور جانبدارانہ طرزِ عمل کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ شرکا نے سپیکر قومی اسمبلی کے ریمارکس اور جانبدارانہ طرز عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اجلاس کی صدارت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کی۔ شرکا نے کہا کہ سپیکر ایوان کے کسٹوڈین اور تمام اراکین کے محافظ ہوتے ہیں، اس لیے ان سے غیر جانبداری اور آئینی تقاضوں کے مطابق رویے کی توقع کی جاتی ہے تاہم حالیہ دنوں میں سپیکر کا طرزِ عمل غیر ذمہ دارانہ اور جانبدارانہ دکھائی دیتا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں اپوزیشن کے ساتھ مسلسل غیر جمہوری رویہ اختیار کیا جا رہا ہے ، اپوزیشن اراکین کو ایوان میں مؤثر انداز میں بات رکھنے سے روکا جاتا ہے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ ان کی تقاریر کو مناسب کوریج اور نشریات بھی نہیں دی جاتیں۔ شرکا نے اس رویے کو پارلیمانی روایات اور آئینی اصولوں کے منافی قرار دیا۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ انہیں صحت کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔