پنجاب کے تعلیمی اداروں میں آئس سپلائی کرنے والا اہم ملزم گرفتار
ملزم یاسین نے اعترافِ جرم کر لیا: ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس
لاہور (این این آئی) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے مبینہ بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد یاسین کو گرفتار کر لیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال کے مطابق ملزم محمد یاسین پنجاب کے مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کو آئس فراہم کرتا رہا ہے اور اس نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے ۔ترجمان کے مطابق ایک روز قبل ملتان سے دو مبینہ سمگلرز افتخار احمد اور شبیر احمد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اعلیٰ معیار کی 16 کلو آئس اور اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔ دونوں ملزمان کی نشاندہی پر محمد یاسین کا نام سامنے آیا، جس کے بعد اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔