ڈیفنس تشدد کیس:ملزم کے والد کا پولیس پارٹی پر حملہ، گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈیفنس سی کے علاقے میں راستہ نہ دینے پر حساس ادارے کے اہلکار سمیت تین افراد پر تشدد کے واقعے میں نیا موڑ آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کے افسر سمیت تین افراد پر تشدد کے مقدمے میں نامزد ملزم مومن کی گرفتاری کیلئے انویسٹی گیشن پولیس نے ہئیر کے علاقے میں چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزم کے والد تہیم نے مبینہ طور پر اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔پولیس کے مطابق مبینہ طور پر نشے کی حالت میں موجود تہیم نے ہاتھا پائی کے دوران کانسٹیبل شان کی وردی پھاڑ دی۔ واقعے کے بعد مزید نفری طلب کرکے تہیم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے دونوں ملزموں کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔دوسری جانب حساس ادارے کے اہلکار سمیت تین افراد پر تشدد کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم مومن اوردیگر ساتھی تاحال گرفتار نہیں ہو سکے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔