اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا شدید مندی سے آغاز
3362 پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس ایک لاکھ 70ہزار600پربند ہوا
کراچی(اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا۔ پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس شدید فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جس کے باعث 100 انڈیکس میں تقریباً 2 فیصد کی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا۔ پورے تجارتی سیشن کے دوران مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی اور کاروبار کے آخری گھنٹوں میں یہ مندی مزید شدت اختیار کرگئی جس سے 100 انڈیکس دورانِ ٹریڈنگ 170,396 پوائنٹس کی دن کی نچلی ترین سطح پر چلا گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 3362 پوائنٹس یا 1.93 فیصد کی بھاری کمی سے 170,600 پوائنٹس پربند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1190 پوائنٹس کی کمی سے 50975 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 6548 پوائنٹس کی کمی سے 243947 پوائنٹس پر بند ہوا۔آل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی۔ فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 8.048 ارب روپے کے سودے طے ہوئے ۔