مبینہ مقابلے :چیچہ وطنی ایک ملزم ہلاک،لاہور میں 2زخمی گرفتار
سی سی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ملزم سنگین مقدمات میں ملوث تھا صوبائی دارالحکومت میں زخمی ملزموں زین اور علی رضا کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا
غازی آباد،لاہور(نمائندہ خصوصی،کرائم رپورٹر)مبینہ پولیس مقابلے ، چیچہ وطنی میں ایک ملزم ہلاک،لاہور میں 2زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 112/7-R کے قریب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے کے دوران ڈکیتی و دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم ہلاک جبکہ اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ادھرلاہور میں غالب مارکیٹ کی حدود میں پولیس سے فائرنگ کے مبینہ تبادلے میں ایک ملزم زین اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔
پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر ہسپتا ل منتقل کر دیا۔اسی طرح بادامی باغ کی حدود میں پولیس کے تعاقب کرنے پر موٹرسائیکل سوار ملزم مچھلی منڈی کے قریب گر پڑے اوراس دوران ایک ملزم علی رضا اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ،پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کردیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم ڈکیتی ،چوری سمیت 50 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔