چھانگا مانگا جنگل کے تالاب میں نہاتے 4بچے ڈوب کر جاں بحق
فیضان ، مراد، ہادیہ اورعمران محکمہ جنگلات کی غفلت سے کھلے تالاب میں ڈوب گئے مرنیوالوں میں 3سگے بہن بھائی شامل جوٹوبہ سے نانی کے گھر چھٹیاں منانے آئے تھے
چھانگا مانگا،قصور،الہ آباد،تلونڈی(نامہ نگاران ،نمائندگان دنیا)محکمہ جنگلات کی غفلت سے 4بچے چھانگا مانگا جنگل کے کھلے تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں نے چاروں بچوں کی لاشوں کو نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں منتقل کر دیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 3سگے بہن بھائی ہیں جو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چھٹیاں گزارنے نانی کے گھر ویر سنگھ والا آئے ہوئے تھے۔ ڈوبنے والے بچوں میں 11 سالہ فیضان ، 9 سالہ مراد، 10 سالہ ہادیہ اور 13 سالہ عمران شامل ہیں ۔علاقہ مکینوں کے مطابق محکمہ جنگلات نے جانوروں کو پانی پلانے کیلئے کھیت نمبر 65 میں تالاب کو کھلا چھوڑ رکھاتھا جہاں بچے نہانے گئے اور ڈوب گئے ۔ چار بچوں کی ہلاکت پر علاقے میں کہرام برپا ہو گیا ۔ تھانہ چھانگا مانگا پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔