سرگودھا:7سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، شور مچانے پر گلہ کاٹ کر مار ڈالا

سرگودھا:7سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، شور مچانے پر گلہ کاٹ کر مار ڈالا

سٹور پر چیز لینے گئی ، گھر واپس نہ آنے پرپولیس کو اطلاع دی،سٹور کی تلاشی لی تو تیسری منزل سے لاش مل گئی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا،دو سال سے اسی کریانہ سٹور پر ملازم ہے ،لاش ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)شہر کے وسطی علاقے کارخانہ بازار میں 7سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا ، پولیس نے لاش برآمد کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔پولیس کے مطابق سات سالہ منتہیٰ کارخانہ بازار میں واقع کریانہ سٹور پر چیز لینے گئی تھی تاہم کافی دیر تک گھر واپس نہ آنے پر اس کے والد بابر نے ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچی کی تلاش شروع کی اور تحقیقات کارخانہ بازار کے مذکورہ کریانہ سٹور تک پہنچ گئی ، پولیس نے سٹور کی تلاشی لی تو عمارت کی تیسری منزل سے بچی کی خون میں لت پت لاش برآمد ہوئی ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انویسٹی گیشن عمران نواز چدھڑ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں  یہ بات سامنے آئی کہ کریانہ سٹور کے ایک ملازم نے مبینہ طور پر بچی سے زیادتی کی کوشش کی ، مزاحمت اور شور مچانے پر ملزم نے مبینہ طور پر چھری کے وار سے اس کا گلا کاٹ دیا جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہو گئی ۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس کا نام ارسلان بتایا جاتا ہے جو کہ دو سال سے اسی کریانہ سٹور پر ملازم ہے ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ فرانزک شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں