کالیکی :ڈاکو ناکہ ‘راہگیروں سے لاکھوں لوٹ لئے
میلو آنہ میاں رحیماں والی سڑک پرنقدی‘موبائلز، سامان لے اڑے
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا، نامہ نگار)حافظ آباد میں ڈی پی او کامران حمید کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈاکوؤں نے دوبارہ لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا۔ کالیکی کی حدود میں ڈاکو ؤں نے ناکہ لگاکر راہگیروں سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا جبکہ پولیس خراٹے لیتی رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق تین مسلح ڈاکوؤں نے میلو آنہ میاں رحیماں والی سڑک پر ناکہ لگائے رکھا۔اس دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر راہگیروں سے موبائل فونز موٹر سائیکل اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی۔ اسی اثنا میں ظفر اقبال سکنہ سرگودھا جو طفیل وغیرہ کے ہمراہ ڈالے پر سرگودھا جارہا تھا اسے بھی ڈاکوؤں نے روک کر اسلحہ کے زور پر 3لاکھ روپے لوٹ لئے اور فرار ہوگئے ۔جس کے بعد علاقہ میں ایک بارپھر خوف وہراس پھیل گیا۔