اوورسیزکے رشتہ دار بن کر فراڈ،10 رکنی سائبر گینگ گرفتار
سندھ کارہائشی گینگ ہنگامی صورتحال کا بہانہ بنا کراکائونٹس میں رقوم منتقل کراتا گینگ کے سہولت کاروں، مستفید ہونیوالے افراد ، منی ٹریل کا سراغ لگایا جا رہا
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے کارروائی کرکے منظم سائبر مالیاتی فراڈ، جعلسازی، شناخت چھپا کر دھوکہ دہی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے رشتہ دار بن کر لاکھوں روپے ہتھیانے والے سندھ کے 10 رکنی بین الصوبائی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم جدید ماسکنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی واٹس ایپ نمبرز استعمال کرکے شہریوں کا اعتماد حاصل کرکے ، خود کو انکے قریبی عزیز ظاہر کرتے اور پھر جعلی ویسٹرن یونین رسیدیں، فرضی ٹرانزیکشن سلپس اور ویزا کی مدت ختم ہونے یا امیگریشن سے متعلق ہنگامی صورتحال کا بہانہ بنا کر مختلف اکائونٹس میں رقوم منتقل کراتے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزموں نے ایک شہری سے 10 لاکھ 20 ہزار ہتھیائے ، مزید متاثرین کی نشاندہی اور مالیاتی ریکارڈ کی جانچ جاری ہے ۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائی اسلام آباد کے علاقے سوہان گارڈن، ایف بلاک میں کی گئی۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے 10 ملزموں کو گرفتار کیا گیا جن میں محسن برڑو، عادل، اسد ، معشوق ، ارز محمد، دلبر ، دائود، فہد، امتیاز اور ابتسام شامل ہیں۔ ملزموں سے 10 موبائل برآمد ہوئے ، جن میں واٹس ایپ چیٹس، جعلی ٹرانزیکشن سلپس ودیگرتفصیلات موجود تھیں جو سائبر فراڈ میں استعمال ہونے والے اہم شواہد ہیں۔این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ منظم گینگ کے دیگر سہولت کاروں، مستفید ہونیوالے افراد اور رقوم کی منی ٹریل کا سراغ لگایا جا رہا ہے تاکہ اس منظم سائبر فراڈ نیٹ ورک کو مکمل بے نقاب کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments