اسرائیل کامغربی کنارے میں 2ارب70کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
12 ہزار نئے گھر تعمیر کیے جائیں گے ،اسرائیلی تنظیم پیس ناؤ کی منصوبے پر تنقید لبنان اسرائیل مذاکرات کا نیا دور مکمل ، جنوبی علاقوں میں پائلٹ زونز پر اتفاق
یروشلم،بیروت (اے ایف پی)اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ہزاروں نئے رہائشی یونٹس کے قیام کیلئے تقریباً 2 ارب70کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں تقریباً 12 ہزار نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے ، جبکہ سڑکوں، عوامی اداروں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی ترقی پر 8 ارب اسرائیلی شیکل سے زائد خرچ کیے جائیں گے ۔ نیتن یاہو نے منصوبے کو آبادکاری کے فروغ کی کوشش قرار دیا۔دوسری جانب اسرائیلی تنظیم پیس ناؤ نے منصوبے کو مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کے عمل کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل میں مغربی کنارے سے انخلا اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ مزید دشوار ہو جائے گی۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان واشنگٹن کی ثالثی میں روم میں ہونے والے مذاکرات کا نیا دور مکمل ہو گیا، جس میں جنوبی لبنان میں پائلٹ زونز کے قیام پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ امریکی حکام کے مطابق دو روزہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے اور فریقین نے پائلٹ زونز کے طریق کار اور رہنما اصول طے کر لیے ہیں، جنہیں آئندہ دنوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔ فریم ورک معاہدے کا مقصد لبنان میں جنگ کا خاتمہ، حزب اللہ کا غیر مسلح ہونا، جنوبی علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی اور اسرائیلی افواج کا مرحلہ وار انخلا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments