گندم کی نقل و حرکت پر پابندی، آٹے کے بحران کا خدشہ
پنجاب حکومت کا فیصلہ آئین کے منافی ہے ،چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی نقل و حرکت اور خرید و فروخت پر عائد پابندی کو ملکی غذائی تحفظ کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ پابندی ختم نہ کی گئی تو ملک بھر میں گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین بدرالدین کاکڑ نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 151 کے تحت ملک بھر میں آزادانہ تجارت اور کاروبار کی ضمانت دی گئی ہے ، تاہم پنجاب حکومت کے اقدامات اس آئینی حق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پابندیوں کے باعث ملک میں گندم کا شارٹ فال پیدا ہو چکا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی تقریباً 40 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت پنجاب سے پوری کی جا رہی تھی، مگر نقل و حرکت پر پابندی سے وہاں بھی سپلائی متاثر ہو رہی ہے ۔ بدرالدین کاکڑ نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت گزشتہ دو برس سے گندم کی خریداری اور ترسیل پر غیر ضروری پابندیاں لگا کر مشکلات سے دوچار کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments