کھاریاں:شہید کانسٹیبل کا قاتل پولیس مقابلہ میں ہلاک
شہزاد نے چند ماہ قبل عمر آفتاب کو شہید کردیا تھا،3ساتھی اشتہاری فرار تلونڈی میں مبینہ مقابلہ ، ڈاکو اور 3 سی سی ڈی اہلکار زخمی ہونیکی اطلاعات
گوجرانوالہ،کامونکے ،لالہ موسیٰ،تلونڈی (کرائم رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا،نامہ نگار)کھاریاں کے علاقے میں شہید کانسٹیبل عمر آفتاب کا قاتل مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ،قصور تلونڈی کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ڈاکو اور 3 سی سی ڈی اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ گوجرانوالہ کے علاقوں سے پولیس نے کارروائیوں میں 4 ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔تھانہ صدر کھاریاں پولیس نے کولیاں حبیب کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ4 نامعلوم افرادنے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی ،فائرنگ رکنے پر سرچ آپریشن میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جسکی شناخت شہزاد سکنہ ملک پور مراز کے نام سے ہوئی۔زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا جارہاتھاکہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا،ملزم نے دم توڑنے سے پہلے انکشاف کیا کہ اسکے ساتھ اشتہاری ملزم شاہد اقبال، مجاہد اقبال اور زکریا بٹ بھی موجود تھے ،ملزم واردات کی نیت سے پبی جنگل سے نکلے تھے ،ملزم کی 44 بور رائفل قبضہ میں لے لی گئی۔ ہلاک ملزم نے چند ماہ قبل فائرنگ کرکے کانسٹیبل عمر آفتاب کو شہید کردیا تھا۔
تلونڈی کے قصبہ نینوال میں ڈاکوؤں اور سی سی ڈی ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اور 3 سی سی ڈی اہلکار زخمی ہوئے ۔ فائرنگ سے پولیس گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھانگا مانگا، کنگن پور، الہ آباد، سٹی اور صدر تھانوں کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور زخمیوں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔پولیس کے مطابق تھانہ صدر کامونکی کی حدود میں کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم نیاز ،تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے موٹر سائیکل چوری ، منشیات فروشی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم زاہد ،تھانہ سبزی منڈی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے درجن بھرمقدمات میں مطلوب و ریکارڈ یافتہ ملزم عمران اورتھانہ سٹی وزیرآباد پولیس نے رہزنی اور منشیات مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ساجد بٹ کو گرفتار کرلیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments