ٹریفک اہلکار سے ٹکر کے بعد زخمی موٹرسائیکل سوار چل بسا

ٹریفک اہلکار سے ٹکر کے بعد زخمی موٹرسائیکل سوار چل بسا

موٹرسائیکل سوار زین شادمان میں وارڈن کے روکنے کی کوشش میں گر گیا تھا زین پانچ روز سے زیر علاج تھا،پولیس نے اس کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا

 لاہور (کرائم رپورٹر)شادمان میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کے دوران وارڈن سے ٹکر کے بعد گر کر شدید زخمی ہونیوالا نوجوان 5 روز بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ وارڈن سڑک کے درمیان پہنچ کر موٹرسائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کر رہا تھا کہ موٹرسائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ شادمان مارکیٹ یوٹرن پر وارڈن نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو روکنے کیلئے اچانک بیچ سڑک آکر ہاتھ آگے کیا تو 30 سالہ زین توازن برقرار نہ رکھ سکا اور موٹرسائیکل سمیت پھسل کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا ،وارڈن بھی زخمی ہوگیا۔ سر میں شدید چوٹیں آنے پر ساندہ کا رہائشی زین ہسپتال میں زیر علاج تھا جہاں وہ 5 روز زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ ٹریفک پولیس نے مبینہ طور پر جان چھڑانے کیلئے متاثرہ نوجوان ہی کیخلاف تیز رفتاری اور اہلکار کو زخمی کرنے کی دفعات کے تحت تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کروادیا تھا۔ زین کی والدہ نے مقدمہ خارج کرنے کیلئے پولیس حکام کو درخواست بھی دی تاہم کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔ حادثے کے ذمہ دار وارڈن کیخلاف بھی تاحال کوئی کارروائی عمل نہ ہوئی ۔پولیس ریکارڈ کے مطابق زین موت کے بعد بھی ملزم ہی رہا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...